لاہور(خصوصی نمائندہ،سپورٹس رپورٹر )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ،صدر مملکت آج حضوری باغ میں ثقافتی پروگرام لاہور بینالے کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے ۔صدر مملکت نے لاہورپہنچنے پر پناہ گاہ کا دورہ کیا، مسافروں سے ملے اور انکے ساتھ کھانا کھایا، دسترخوان پر بیٹھ کر بریانی کھائی اور زردہ بھی چکھا ، صدر مملکت نے جناح ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ صدر مملکت گور نر ہاؤس پہنچے تو گور نر پنجاب چو دھری محمدسرور نے انکا استقبال کیا، اس موقع پر صدر مملکت اور گور نر پنجاب کے در میان ملاقات بھی ہوئی جس میں حکومتی اور دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دریں اثنا صدر عارف علوی دوسرا ٹی ٹونٹی میچ دیکھنے کے لئے قذافی سٹیڈیم پہنچے تو چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور دیگر آفیشلز نے انکا استقبال کیا، شائقین نے زوردار تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا ،صدر پاکستان نے چیئرمین باکس میں بیٹھ کر میچ دیکھا ۔اس موقع پر انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سے بھی ملاقات کی ، دیگر معاملات پر بات کے ساتھ ساتھ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے تعلقات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے ۔