لاہور، کوئٹہ، کراچی ، مری، گگو منڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹرز، نمائندہ 92 نیوز، نامہ نگار) لاہور سمیت مختلف شہروں میں دن بھر بارش جاری رہی، سردی میں اضافہ ہوگیا، بلوچستان کے مختلف علاقوں اور شمالی وزیرستان میں مکانات گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور23 زخمی ہوگئے ، بلوچستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ، بلوچستان میں مکانات گرنے سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ، ہفتہ کے روز لاہور میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش ہوتی رہی، محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج اتوار کے روز سرگودھا،لاہور اور فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، ہفتہ کے روز کوئٹہ کے علاقے سمنگلی میں 123 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،اسلام آباد زیروپوائنٹ پر 8، مری 25، بھکر 23، سیالکوٹ کینٹ 8، جوہر آباد 7، ملتان 5، سرگودھا سٹی 4، جھنگ 4 اور کوٹلی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، زیارت میں 2.5 فٹ ، مری 11،کالام04، اور مالام جبہ میں 02 انچ برفباری ہوئی، لاہور میں کم از کم درجہ حرارت 8 سنٹی گریڈ رہا، لاہور میں آج بھی بارش کا امکان ہے ۔ بلوچستان کے علاقوں گلدارہ باغیچہ ،کلی ٹاکی میں مکانات گرنے سے 3افرادجاں بحق،10زخمی ہوگئے ، ملکہ کوہسار مری ، ایوبیہ اور نتھیا گلی میں بھی برفباری ہوئی، کوئٹہ اور خضدار میں ندی نالوں میں طغیانی سے شاہ نورانی روڈ پر 2گاڑیاں ، ایک موٹر سائیکل سیلابی پانی میں بہہ گئیں، مختلف علاقوں میں50 سے زائدگھروں کی دیواریں گرگئیں، مری اور گلیات میں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوگیا، بجلی ،پانی اور سڑکوں کا نظام درہم برہم ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے سے آئندہ ایک ہفتے تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے ۔