لاہور(کلچرل رپورٹر)لاک ڈاؤن نے تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ سینکڑوں افراد کو بے روزگار کرکے فاقہ کشی کا شکار بنا دیاہے ۔حکومت اس مشکل گھڑی میں ان کو تنہا نہ چھوڑے ۔ان خیالات کا اظہار قیصر ثناء اللہ خان چیئرمین ایکشن کمیٹی اسٹیج ڈرامہ آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن،چیئرمین اور پروڈیوسر تماثیل تھیٹر لاہورنے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ودیگر اعلیٰ حکام کو لکھے گئے ایک خط میں کیا۔قیصر ثناء اللہ خان نے اس خط میں اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپ معززین سے درخواست ہے کہ حکومت لاکھوں، کروڑوں، اربوں روپے بانٹنے کی باتیں میڈیا پر آکر پریس کانفرنسوں میں روزانہ کررہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پنجاب بھر کے اسٹیج ڈرامہ سے منسلک فنکاروں تک یہ امداد ابھی تک نہیں پہنچی۔