قمبر،لاڑکانہ(نامہ نگار،92نیوزرپورٹ)لاڑکانہ میں پی ایس 11 ضمنی الیکشن میں غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق 138 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق جی ڈی اے امیدوارمعظم عباسی 31557 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے جمیل سومرونے 26021 ووٹ حاصل کئے ،دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوارجمیل احمد سومرو کوڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکے دفترمیں داخل ہونیکی اجازت نہیں دی گئی جس پرانہوں نے کارکنوں نے ساتھ دفترکے باہردھرنا دیدیا،دھرنے کے باعث ٹریفک روانی شدید متاثررہی اورشہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا،اس موقع پرجمیل سومرو نے کہا کہ تین گھنٹے گزرگئے ،پاکستان پیپلزپارٹی کو کوئی فارم 45 موصول نہیں ہوا،نتائج ملنے تک پیپلزپارٹی کی برتری واضح تھی لیکن الیکشن کمیشن کا عملہ نتائج دینے میں ٹال مٹول کررہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف اتنا مطالبہ ہے کہ ہمیں نتائج دیئے جائیں،پیپلزپارٹی کی برتری دکھانے پرکیبل آپریٹرزسے لوکل سندھی چینلزبھی بند کروادیئے گئے ہیں،انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولنگ اسٹیشنوں سے ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو نکالا جارہا ہے ،بعدازاں جیالوں کی بڑی تعداد جمع ہونے اورڈی آراو آفس کے اہلکاروں سے بحث مباحثہ کے بعد جمیل سومرو کوآفس میں داخل ہونے دیا گیا۔کامیابی پر جی ڈی اے اورجے یوآئی کے کارکنوں نے بھرپورجشن منایا،کوٹ عباسی میں ہزاروں کارکن جمع ہوگئے اورڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔