لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ آنے والے دنوں میں بے روزگاری کا گراف تیزی سے نیچے جائے گا،اقتدار میں آتے ہی حکومت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور مصنوعی طور پر شرح تبادلہ کے سخت چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، یہ عوامل غیر صنعتی ، برآمدات میں رکاوٹ اور درآمدات کو فروغ دینے کا سبب بن رہے تھے ۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے پر زور دے رہی ہے اور اسی تناظر میں متعدد خام مال پر ڈیوٹی کم کردی گئی۔حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت اخراجات کو کم کرنے پر بھی کام کر رہی ہے ، بہت سالوں کے بعد بنیادی خسارہ سرپلس میں بدل گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی درآمد کی اجازت دی ہے ۔حفیظ شیخ نے کہا کہ وزارت صنعت کے ذریعہ ایس ایم ای پالیسی وضع کی جارہی ہے ، 50 ملین روپے تک کے انکم ٹیکس کی واپسی کی ادائیگی کی جارہی ہے ، حکومت مزید شعبوں جیسے حلال فوڈ ، فارماسیوٹیکل وغیرہ کو بھی اسی طرح کی سہولت کے نظام میں لانے کے لئے تیار ہے ۔اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو زیادہ اہمیت دیتی ہے اور قریبی رابطہ قائم رکھنے کے لئے کوشاں ہے ۔