واشنگٹن(نیٹ نیوز)معروف امریکی گلوکارہ ریحانہ کی سعودی عرب پتی بوائے فرینڈ حسن جمیل کے ساتھ دوستی تین سال بعد اپنے اختتام کو پہنچ گئی،دونوں شادی کے خواہشمند تھے ۔گلوکارہ ریحانہ کے گزشتہ تین برس سے سعودی عرب پتی حسن جمیل کے ساتھ قریبی تعلقات تھے اور دونوں کو متعدد تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا بھی گیا تھا۔اس حوالے سے امریکی جریدے ولچر نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ گلوکارہ اور سعودی عرب پتی نوجوان نے تین سال بعد اپنی راہیں جدا کر لی ہیں مگر دونوں کا تعلق کس بات پر ختم ہوا اس بارے میں فی الحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ریحانہ اور جمیل حسن کو پہلی مرتبہ 2017 اردن میں ایک ساتھ سیر سپاٹے کرتے دیکھا گیا تھا، اس کے بعد منعقد گریمی ایوارڈز 2018 کی پارٹی میں بھی دونوں ساتھ ساتھ نظر آئے ۔گلوکارہ نے حسن جمیل سے اپنے تعلق کے بارے میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں لیکن وہ شادی کرنے سے گھبراتی ہیں ، اس حوالے سے صرف اوپر والا ہی جانتا ہے ۔29 سالہ سعودی عرب پتی حسن جمیل اپنے والد عبدالطیف جمیل کے بزنس کے نائب صدر اور وائس چیئرمین ہیں۔ حسن جمیل کی فیملی سعودی پریمیئر فٹ بال لیگ، دی عبدالطیف جمیل لیگ کی میزبان بھی ہے جس پر ڈیڑھ ارب ڈالرز خرچ ہوتے ہیں۔