لاہور ( نمائندہ خصوصی سے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں مسیحی برادری کے رہنماؤں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پوری کوشش ہے کہ گرجاگھروں کو جلدازجلد اصل حالت میں بحال کیا جائے ۔تباہ ہونے والے گھروں کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہاہے ، متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد دی جائیگی۔یہ ایک بڑا سانحہ ہے ،شواہد مل گئے ہیں اورویڈیوز بھی،شرپسندوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔سانحہ کے ذمہ دار قانون سے نہیں بچ سکیں گے ۔ جڑانوالہ سانحہ کے ذمہ دار کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے جہاں تک ممکن ہو سکا، جائیں گے ۔مسیحی برادری کے جان ومال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ۔مستقبل میں ایسے سانحہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر موثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعلی پنجاب نے تھانہ لوئر مال کا تفصیلی دورہ کیا، فرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا اور مشین سے خود ٹوکن لیا ۔محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں پر ہونے والی کارروائی کے بارے ای میل کے ذریعے بھی سائلین کو اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف آئی آر ای میل کے ذریعے بھی ملے گی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے 2 روز میں تھانہ لوئر مال کی اپ گریڈیشن کا جامع پلان طلب کرلیا ۔ دریں اثنا محسن نقوی سے لاہور میں امریکہ کے قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے وزیر اعلی آفس میں الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی قونصل جنرل نے پنجاب کے عوام کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیااور 32اضلاع کے دوروں کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کئے ۔