لاہور(گوہر علی)مقامی ہوٹل کو پنجاب اسمبلی چیمبر قراردینے کا مسئلہ قانونی اور احسن طریقہ سے بخوبی حل کرلیا گیا،گورنر پنجاب چو دھری محمدسرور نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس کسی بھی مقام پر منعقد کرنے کا اختیار تحریری طور پر سپیکر پنجاب اسمبلی کو دے دیا جس کے بعدپنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے تاریخ کا منفردنوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی عمارت میں اجلاس کے انعقاد کو ناممکن قراردے کر مقامی ہوٹل کو پنجاب اسمبلی چیمبر قرار دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے مقامی ہوٹل میں اجلاس کے موقع پر وزراء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں موجود اپنے چیمبر استعمال کرسکیں گے ۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ معمول کے مطابق کام کرے گا ۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہر قسم کی میٹنگ ہوسکیں گی،اراکین اسمبلی کو پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں اپنی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھنے میں آزادی ہوگی تاہم مقامی ہوٹل میں اجلاس منعقد کرنے کے موقع پر گھنٹیاں بجانے کے متعلق کوئی فیصلہ آئندہ ہفتہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا یہ پہلا اجلاس ہے جو مقامی ہوٹل میں منعقد کیا جائے گا اوروقت گزرنے کے ساتھ اس اجلاس کے تقاضے پور ے کئے جائیں گے ۔مقامی ہوٹل کے دو ہالوں کو پنجاب اسمبلی چیمبر قرار دینے کا نوٹیفکیشن سپیشل سیکرٹری قانون سازی عامر حبیب نے جاری کیا ۔ واضح رہے کہ روزنامہ 92 نیوز نے 27 مئی کو ہی یہ خبر شائع کر دی تھی۔