لاہور(میاں رؤف) جیل خانہ جات حکام نے موسمی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی صوبائی حکومت سے 30کروڑ روپے طلب کرلئے ۔ طلب کئے گئے فنڈز بجلی کے بلوں کی مد میں ادا کئے جائیں گے ۔ جبکہ فندز کی عدم فراہمی پر جیلوں کو گرمی کے موسم میں بجلی کی دستیابی ممکن نہیں رہے گی۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کی جیلوں نے بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو بجلی کے بلوں کی مد میں 30کروڑ روپے کی ادائیگیاں کرنا ہیں۔ لیسکو نے جیل خانہ جات حکام کو وارننگ دی ہے کہ وہ جلد واجبات ادا کریں ایسا نہ ہونے کی صورت میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بند کیا جا سکتا ہے جس سے قیدیوں،حوالاتیوں اور جیل انتظامیہ کے لئے بجلی دستیاب نہیں رہے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ صرف کیمپ جیل اور کوٹ لکھپت کے ذمہ 12کروڑ روپے ہیں جبکہ صوبہ بھر کی جیلوں کے ذمہ 30کروڑ روپے ہیں ، اتنی بڑی رقم کی نادہندہ ہونے کے باوجود پنجاب کی طرف سے بجلی واجبات اداکرنے کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نادہندہ کے خلاف اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔گزشتہ 8 ماہ سے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث لاہور کی دونوں جیلیں ساڑھے 12کروڑ سمیت صوبہ بھرکی جیلوں کے ذمہ 30کروڑ سے زائدکی نادہندہ ہوگئیں۔ذرا ئع کا مزید کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل کے پچھلے 8 ماہ سے ساڑھے 6 کروڑ کے واجبات ادا نہیں کئے گئے جبکہ کیمپ جیل کے 6 کروڑ سے زائد کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں۔جیل حکا م ذرا ئع کا کہنا ہے کہ اس حوا لہ سے محکمہ داخلہ پنجاب کو درخوا ست کی گئی ہے رواں مالی سال میں جیلوں کی بجلی کے لئے فنڈز تاحال جاری نہیں کئے گئے ۔عدم ادائیگی کی وجہ سے بل ادا نہیں کئے گئے ۔متعلقہ حکام کی جانب سے باربار بل جمع کروانے کی تاکید کی جارہی ورنہ کنکشن کاٹنے کا عندیہ دیا گیا ہے تا ہم محکمہ داخلہ پنجاب کی جا نب سے اگلے ہفتہ اجلاس ہے جس میں فنڈز جاری کرنے کی منظوری کا امکان ہے جسکے بعد فو ری ادا ئیگی کا عمل شروع کر دیا جا ئے گا۔