کراچی،لاہور (سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر) سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام کے تحت ملیر جیل میں قید 219 بھارتی ماہی گیروں میں سے 20 ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا۔اس وقت 199 بھارتی قیدی ملیر جیل میں بند ہیں جن میں 10 قیدی سویلین جبکہ 189 ماہی گیر شامل ہیں۔ رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر سومناتھ نے بتایا کہ قید کے دوران ہم لوگوں کو اس بات کا شدت سے احساس ہوا کہ اپنے ملک بھارت میں رہ کر پاکستان کے متعلق جو تاثر رکھتے تھے وہ بالکل ہی غلط تھا۔ ہمیں پاکستان میں قید کے دوران اس بات کا کبھی احساس ہی نہیں ہوا کہ غیر ملک میں قید ہیں،جیل میں ہر قسم کی سہولیات میسر تھیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ملک بھارت کی مودی سرکار سے مطالبہ کیا کہ جس طرح ہمیں پاکستان میں قید کے دوران تمام سہولیات میسر ہوتی ہیں اسی طرح پاکستانی ماہی گیروں کو بھی بھارت میں قید کے دوران تمام سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں رہا کرکے اپنے ملک پاکستان روانہ کیا جائے ۔ دوسری جانب بھارت میں قید پاکستانی ماہی گیروں کے ورثا نے بھی اپنے پیاروں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔بھارتی ماہی گیروں کو رہائی کے بعد جیل پولیس کی نگرانی میں ایدھی فاؤنڈیشن کے تعاون سے ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کردیا گیا۔