لاہور؍ اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ؍ سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیات کی بہتری آئندہ نسلوں کے لئے ضروری ہے ، عالمی حدت سے بچائو اور اپنا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے 10 ارب درخت لگانے کا ہدف پوراکرنے اور قومی پارکس میں اضافے کی ضرورت ہے ، چین نے ماحولیاتی تبدیلی پر بہت کام کیا ، اس نے ایک گرین سٹی بنایا ہے ، ہم اس کی مہارت سے استفادہ کرسکتے ہیں، درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی خوش آئند ہے ۔ وہ جمعرات کو یہاں ملک میں گرین فنانس میں جدت کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر چین کے ساتھ پاکستان میں گرین ایکالوجیکل زون کے منصوبے پر دستخط بھی کئے گئے ۔ برطانیہ ، جرمنی اور کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے پہلے نیچر بانڈ کے لئے بات چیت کے آغاز کے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کئے گئے ۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچائو اور جنگلات کو وسعت دینا اپنی آنے والی نسل کے لئے ضروری ہے ، 10 ارب درخت پاکستان کی ضرورت ہے اور حکومت کا 2023 تک ہدف ہے ،ہم نے اپنے مستقبل کو محفوط بنانا ہے ، عالمی حدت سے بچائو کے لئے قومی پارکس میں اضافے ، شجر کاری ، اربن فاریسٹری کی ضرورت ہے ، صحرا ئوں کو سر سبز بنانے کے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بہت سے ملک آگے نکل گئے ،چین نے اس سلسلہ میں بہت سے کام کیا ہے ، انہوں نے ماحولیات دوست گرین سٹی بنایا ہے ، ہم چین سے نئی تکنیک سیکھ سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا ماضی میں پاکستان میں اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی قدر نہیں کی گئی، اب وقت آگیا ہے کہ ہم نعمتوں کی قدر کریں، پاکستان میں گزشتہ 20 سال کے دوران مینگرووز میں نمایاں اضافہ ہوا ،گزشتہ 60 سے 70 سالوں میں پاکستان میں جنگلات تباہ ہوئے ، 2013 میں ہماری خیبر پختونخوا حکومت نے ایک ارب درخت لگانے کا کام شروع کیا اور اس کی تکمیل کی۔ وزیرا عظم نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے قصور ہمارا نہیں لیکن نقصان ہمارا ہو رہا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا جوبائیڈن انتطامیہ نے اب اس بارے میں سوچا جو اچھی بات ہے ، سابقہ انتظامیہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان قائدانہ کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے 15 سو سال پہلے یہ تصور دیا کہ آپ اگلی دنیا کے لئے اس طرح جیو کہ آپ نے کل مر جانا ہے لیکن اس دنیا کے لئے ا س طرح جیو کہ آپ نے ہزا رسال زندہ رہنا ہے ،بدقسمتی سے ہم نے اس طرح نہیں سوچا ۔ انہوں نے کہا دنیا کو20سال پہلے گلوبل وارمنگ کی فکر پڑی، بل گیٹس جیسے لوگ اس معاملہ پر اب بات کررہے ہیں اور وہ سمجھ گئے ہیں کہ اگر آج ہم نے اس دنیا کا دھیان نہ رکھا اور کوشش نہ کی تو کوئی ایسا وقت بھی آئے گا کہ ہم کچھ کر بھی نہیں سکیں گے ۔وزاعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اپنے خطاب میں کہا پاکستا ن میں گزشتہ 20 سال کے دوران مینگرووز کی شجر کاری میں 300 فیصد اضافہ ہوا ، 10 ارب سونامی ٹری منصوبہ کے تحت مزید مینگرووز لگائے جائیں گے ، پاکستان چین گرین زون قائم کرنے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملاقات ہوئی جس میں آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر کشمیر اور گلگت بلتستان افیئرز علی امین گنڈا پور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سینیٹر سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی اور سردار تنویر الیاس شامل تھے ۔مزیدبرآں عمران خان سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب محمود الرشید نے ملاقات کی اوروزیراعظم کو صوبے میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں پیش رفت کے متعلق بریفنگ دی۔