اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے افغان دفتر خارجہ کی جانب سے پشاور مارکیٹ سے متعلق بیان مسترد کردیا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان دفتر خارجہ کی جانب سے پشاور مارکیٹ سے متعلق بیان کو مسترد کرتا ہے ، پشاور کی مارکیٹ کا معاملہ توڑ مروڑ کرپیش کیا گیا، افغان دفتر خارجہ کی جانب سے واقعے کو گمراہ کن انداز میں پیش کرنا قابل افسوس ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پشاور مارکیٹ کا معاملہ ایک شہری اورافغانستان کے بینک کے درمیان تھا، 1998ء میں معاملے سے متعلق شہری کے حق میں فیصلہ ہوا، افغان فریقین کی جانب سے برعکس اقدامات پر لوکل انتظامیہ نے ایکشن لیا، اس حوالے سے پاکستان کے عدالتی نظام سے متعلق افغان حکومت کے بیانات مسترد کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے اجتجاجاً قونصلیٹ جنرل کی بندش قابل افسوس ہے ، پاکستان امید کرتا ہے کہ افغان حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کریگی اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ نجی کیس کے باعث 2 ممالک کے تعلقات خراب نہیں ہونگے ۔