سکرود(آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میں کشمیریوں کو حقوق دلانے کی اہلیت نہیں ،بھارت میں قسائی کی حکومت ہے ،ہمارا موقف الگ ہونا چاہیے تھا،مودی نے کشمیر میں تاریخی ظلم کیا،آج اقوام متحدہ کو استعمال کرنے کا بہترین موقع ہے ،پورا ملک ہماری طرح کشمیر پر توجہ دے ،پی پی فاشسٹ نہیں نظریاتی جماعت ہے ،ہماری خارجہ پالیسی کمزور ہے ،حکومت اپوزیشن کرنے کی بجائے حکمرانی کرے ،آصف زرداری دور میں انقلابی اقدامات ہوئے ،عمران خان نے ہر وعدے پر یوٹرن لے کر خود کو بے نقاب کر لیا ۔سکردو میں پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مودی نے کشمیر کو فلیش پوائنٹ بنا دیا ،مودی منتخب ہوا تو ہماری پالیسی وہی رہی، مودی ایک تاریخی قاتل ہے ،مسئلہ کشمیر پر آج اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا موقع ہے ،بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا منصوبہ ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو بھی قید کر دیا گیا،گجرات کے قسائی کیلئے ہمارا موقف الگ ہونا چاہیے تھا،جب سے ہوش سنبھالا مقبوضہ کشمیر میں ظلم دیکھا،دنیا میں جہاں بھی جاوں گا کشمیر کیلئے آواز اٹھاوں گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پیپلز پارٹی کو فالو کر رہی ہے ،حکومت بھی اپوزیشن کرے گی تو حکمران کون رہے گا ،موجودہ حکومت میں سفارتکاری جاننے والی شخصیات کو نظر انداز کر دیا گیا اور پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی اور دفتر خارجہ کو کمزور کیا ۔حکومت کو پتہ ہی نہیں کیا کرنا ہے بس ہماری تقلید کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ہو گا،عمران خان نے قوم کے سامنے خود کو بے نقاب کر لیا،چیئرمین پی پی نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کس منہ سے کشمیر کی بات کریں گے ،حکومت بالکل نااہل ہے ، انہیں کچھ پتہ نہیں کیا کرنا ہے ۔بعدازاں بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کا سات روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد کمرشل فلائٹ pk452 سے اسلام آباد چلے گئے ۔بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے پانچ اضلاع میں عوامی اجتماعی سے خطاب کیا استور، سکردو، شگر، کھرمنگ، گھانچے اضلاع کی کئی تحصیلوں اور یونین کونسلز کا بھی دورہ کیا۔