لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں، بازاروں اور پارکوں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرایا جائے گا۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ ماسک پہننا شہریوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے ۔گھر سے نکلتے وقت شہری ماسک لازم پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی بیڈز بھی موجود ہیں اور وینٹی لیٹرز بھی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ضروری ادویات دستیاب ہیں۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔بعدازاں انہوں نے صوبے میں عوام کی سہولت اور گڈگورننس کے فروغ کیلئے ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے ای سسٹم اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹائم شیڈولنگ نظام کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی سے عوام کو آسانی ہوگی۔آن لائن ٹائم شیڈول کے ذریعے شہری گھر بیٹھے لاہور کے 18 ڈرائیونگ سنٹرز میں لائسنس کے حصول کیلئے وقت اور تاریخ حاصل کرسکیں گے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو جرمانوں کی آن لائن ادائیگی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کے اجراء پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک جرمانوں کی آن لائن ادائیگی کے نظام کو پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ٹائم شیڈول کا دائرہ کار بھی دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اظفر منظور، ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف ، سیکرٹری اطلاعات، سی ٹی او لاہور اور متعلقہ حکام نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔علاوہ ازیں انہوں نے مظفرگڑھ کے علاقے میں بچوں کو کتوں کے کاٹنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔بعدازاں انہوں نے اینکرپرسن ماریہ میمن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے تعزیت بھی کی۔