لاہور(کلچرل رپورٹر)ماضی کی مقبول ترین اداکارہ سلطانہ ظفر 66 برس کی عمر میں امریکہ میں انتقال کرگئیں۔سلطانہ ظفر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ تھیں اور تنہائیاں،عروسہ ، آخری چٹان جیسے قابلِ ذکر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔سلطانہ ظفر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ’ارملا سٹوڈیوز‘ نام کی بوتیک چلاتی تھیں۔ صباح نیوزکے مطابق سلطانہ ظفر کے خاندانی ذرائع کی جانب سے ان کے انتقال کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔انہوں نے سوگواران میں 2 بیٹے چھوڑے ہیں جو امریکا ہی میں مقیم ہیں۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس(پی این سی اے )کی جانب سے سلطانہ ظفر کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔سلطانہ ظفر اپنے منفرد حیدرآبادی لب و لہجے کی وجہ سے جانی جاتی تھیں۔