اسلام آباد،راولپنڈی،ڈیرہ اسماعیل خان (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ 92 نیوز ) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں 2 جوان شہید ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ،شہید ہونے والوں میں نائیک رحمان اور لانس نائیک عارف شامل ہیں، شہید نائیک رحمان کا تعلق چترال اورشہید لانس نائیک عارف کا تعلق ٹانک سے ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ایف سی نارتھ کے شہید سپاہی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان میں سپردخاک کر دیا گیا ۔نماز جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام سمیت شہریوں نے کثیر تعدا د میں شرکت کی، رضا گل جو چھٹی پر آبائی گاؤں چینی مچن خیل آیا تھا ،چھٹی سے واپسی پر جاتے ہوے مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر شہید ہو گئے ،پاک فوج کے میجر صابر نے آرمی چیف ، کور کمانڈر پشاور، آئی جی ایف سی سائوتھ کی طرف سے شہید کی قبر پر پھول چڑھائے ۔