لاہور،پشاور(سٹاف رپورٹرز)مانسہرہ میں مفتی کفایت اﷲ کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا،جمعیت علماء اسلام (ف)کے رہنما اور انکے دو بیٹے اور ایک ساتھی زخمی ہو گئے جنہیں کنگ عبداﷲ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حملہ میں مفتی کفایت اﷲ کا ایک بازو فریکچر ہوا ہے ۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ملزمان کی تلاش جار ی ہے ۔مفتی کفایت اﷲ کے بیٹے حسین کفایت اﷲ نے کہا کہ کچھ گاڑیوں نے تعاقب کرنے کے بعد انہیں روکا اور اسلحہ تان کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پانچ نقاب پوش مسلح افراد نے مفتی صاحب کو اتارنے کی کوشش کی اور جب مفتی صاحب گاڑی سے نیچے نہ اترے تو انہوں نے آہنی راڈ سے تشد د کیا جس سے مفتی صاحب کا ایک بازو مکمل طور پر فریکچر ہو چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان بار بار یہ الفاظ دہرا رہے تھے کہ مفتی صاحب فرنٹ سیٹ پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اﷲ تعالیٰ کا کرم ہوا کہ اس نے ہمیں کسی بڑے حادثہ سے محفوظ رکھا۔جمعیت علماء اسلام(ف) کے سر براہ مولانا فضل الرحمن،سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے جے یو آئی راہنماء مولانا مفتی کفایت اﷲ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے ٹیلی فون پر ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے بھی حملے کی مذمت کرتے کہاکہ یہ واقعہ کھلی درندگی ہے ،حملہ آواروں کو فی الفور گرفتار کر کے سزادی جائے ۔انہوں نے ٹیلی فون پر مفتی صاحب کی خیریت دریافت کی۔