دبئی (نیٹ نیوز) متحدہ عرب امارات کے مشیر قومی سلامتی طحنون بن زاید نے ایران کا خفیہ دورہ کیا ہے جس کا مقصد خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا بتایا جاتا ہے ۔مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق خلیج میں بحران شروع ہونے کے بعد یہ اعلیٰ سطح پر ہونیوالا پہلا دورہ ہے ۔ طحنون بن زاید ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید کے بھائی ہیں۔ رواں سال کی ابتدا میں امارات کی بندرگاہ فجیرہ پر چار جہازوں پر حملے کے بعد امارات نے ایران کیساتھ مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ایران کے متعلق نرم رویہ اختیار کیا تھا جبکہ اس حملے کے بعد حکومت کی جانب سے عوامی طور پر ایران کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا گیا تھا جبکہ گفت و شنید کیلئے اپنی بحریہ کے عہدیداروں کو ایران بھی بھیجا تھا۔طحنون بن زاید یہ دورہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان بیک چینل مذاکرات شروع ہونے کی خبروں کے بعد کر رہے ہیں۔