لاہور (اپنے خبر نگار سے ) اساتذہ مسائل کو حل نہ کیا گیا تو 31جنوری کو متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب اور ایجوکیٹرز ریگولرائزیشن مومنٹ کے اجلاس عام میں پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (پیک) کے امتحانا ت کے بائیکاٹ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان چیئر مین حافظ عبدالناصر نے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب میں شامل اساتذہ تنظیموں کی نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ جس میں پنجاب بھر سے آئے ہزاروں اساتذہ نے شرکت کی ۔ مظاہرہ کی قیادت چیئرمین حافظ عبدالناصر،حافظ غلام محی الدین،رشید احمد بھٹی، کاشف شہزاد چودھری ،محمد اشفاق نسیم،محمد اجمل شاد،محمد اسحاق رحمانی، ،محمد صدیق گل ، ملک امجد ، عبدالزاق نیازی و دیگر نے کی۔ سیکنڈری سکول ایجوکیٹزریگولرائزیشن مومنٹ کی نمائندگی خضر حیات وٹو، رضوان حیات و دیگر نے کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ قائدین نے کہا کہ پنجاب میں وزیر سکول ایجوکیشن سابقہ ناکام پالیسیوں پر سرخی پوڈر لگا کر نئے انداز سے پیش کرنے میں وقت صرف کر رہے ہیں۔