لاہور،ملتان ، کراچی، پشاور (سٹاف پورٹر،سپیشل رپورٹر،نیوز رپورٹر ) متحدہ اپوزیشن میں شامل سیاسی جماعتیں 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات کوایک برس مکمل ہونے پرآج ملک بھر میں یوم سیاہ منائیں گی ۔ گزشتہ روز متحدہ اپوزیشن کی صوبائی قیادت کا ماڈل ٹائون لاہور میں مشترکہ اجلاس ہوا جس میں مال روڈ چیئر نگ کراس پر جلسہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ آج ہر صورت جلسہ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے قمرزمان کائرہ،اسلم گل، چودھری منظور، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر پروفیسر ساجد میراور ابتسام الٰہی ظہیرجمعیت علماء اسلام کے مولاناامجد خان،اے این پی کے احسان وائیں، منظور احمد اور امیر حیدر ہوتی خطاب کریں گے ۔جلسے کا آغاز شام 5بجے چیئرنگ کراس مال روڈ پر ہوگا۔اجلاس کے بعدمسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا مشہود احمد خان نے دیگر رہنمائوں کے ساتھ ماڈل ٹائون میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک کو عملا آئی ایم ایف کے سپرد کر دیاگیاہے ،ملک پر وہ لوگ مسلط کئے گئے جو مینڈیٹ نہیں رکھتے ۔ بدقسمتی سے عمران خان سول ڈکٹیٹر ثابت ہوئے اور بنیادی حقوق ہی چھین لئے گئے ہیں ۔قوم پوچھنا چاہتی ہے ملک کے فیصلے کون کررہاہے ، سلیکٹڈ ڈکٹیشن لیتے ہیں ہمیں ڈٹ جانے والا رہنما چاہئے ،پورے ملک میں سلیکٹڈحکومت کے کرتوت سامنے لائیں گے ، تمام جماعتیں ملکر آج پانچ بجے چئیرنگ کراس میں جلسہ کریں گی، حکومتی لوگوں اور انتظامیہ سے اجازت کی ضرورت نہیں، کسی نے روکنے کی کوشش کی تو نتائج کا ذمہ دار خود ہو گا۔ حکومت سے چھٹکارے تک تحریک چلتی رہے گی۔ اب تمہارے ظالمانہ ہتھکنڈے نہیں چلیں گے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما اسلم گل ، جمعیت علما اسلام( ف) کے رہنما مولانا امجد،مرکزی جمعیت اہلحدیث لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ بابر فاروق، عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد خان نے کہا عمران خان جعلی وزیر اعظم ہے ۔ اپوزیشن کی آواز کو دبایاجارہاہے ۔ رہبر کمیٹی کے فیصلے پر اپوزیشن کیساتھ ہیں ۔آمریت سے بدتر حکومت کے خاتمے تک تحریک چلتی رہے گی۔جمعیت علماء اسلام کے مر کزی سیکرٹری جنرل سنیٹر مولانا عبد الغفورحیدری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹریز اکرم خان درانی ،مولانا امجد خان ،سید فضل آغا، اسلم غوری اور مر کزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا 25جو لائی کو عام انتخابات میں ایک سلیکٹڈ حکومت کو منڈیٹ دیا گیا جس کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں یوم سیا ہ منائیں گی۔ ادھر کراچی میں مزارقائد سے متصل باغ جناح میں یوم سیاہ کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی،جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔ ملتان میں کچہری چوک پر تمام جماعتیں اکٹھی ہوکر تحریک انصاف کی حکومت کیخلاف احتجاج کریں گی،کوئٹہ میں بھی احتجاجی جلسہ ہو گا۔پشاو رمیں موٹروے کے قریب رنگ روڈ پرجلسے کیے جائیں گے جن سے اپوزیشن قائدین خطاب کریں گے ۔ پشاور میں جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ملین مارچ کا جلسہ بھی دلہ زاک روڈ پر ہوگا جو شام 4بجے شروع ہوگا ۔اس جلسے سے جے یو آ ئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے ۔