لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ ایکسائز حکام نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے پیش نظر 9سہولت سنٹروں کو ماڈل دفاتر میں تبدیل کرنیکافیصلہ کرلیاجس کے تحت پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی ،گاڑیوں کی رجسٹریشن ،ٹرانسفر ،ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی اور دیگر سہولتیں ایک ہی چھت نیچے ہوگی۔ذرائع کے مطابق ایکسائز انتظامیہ نے پہلے مرحلے میں ایکسائز آفس پی آئی اے کالونی کو ماڈل دفتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت کے لئے لاہور ،راولپنڈی ،فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر علاقوں میں بنائے گئے سہولت سنٹرکو بھی ماڈل آفس میں تبدیل کرنے کے حوالے سے ڈائریکٹر ایکسائز موٹر برانچ رانا قمرالحسن کو ٹاسک دیدیا گیا ہے اور اس پر ہوم ورک شروع کردیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ایکسائز آفس پی آئی اے کالونی میں سرکاری ملازمین سمیت دیگر شہریوں کی سہولت کے لئے سیکنڈشفٹ شروع کرنے کے لئے بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ ایسے سرکاری ملازمین جو شام پانچ بجے ڈیوٹی اوقات ختم ہونے کے بعد اپنے کام کے سلسلے میں ایکسائز دفاتر آسکیں ۔اسی طرح گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے بھی دوسرے دفاتر جانا پڑتا ہے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز کے قائم کئے گئے 9سہولت سنٹروں کو ماڈل دفاتر میں تبدیل کردیا جائے تاکہ شہریوں کو دوسرے دفاتر جانا نہ پڑے ۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز سہیل شہزاد کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سہولت سنٹر میں آنے والے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ۔