لاہور(بابر علی) محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی سفارش پر پنجاب حکومت نے محکمہ فنانس کے شعبہ لوکل فنڈ آڈٹ کے 159افسران کی نئے بلدیاتی اداروں میں تعیناتی کی منظوری دے دی ہے ۔ ان افسران کو نئے بلدیاتی اداروں کا سٹرکچر تشکیل دینے کے لئے جاری ہونے والے شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کے تحت تعینات کیا گیا ، تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بھی بلدیاتی اداروں سے منسلک ہو نے کی وجہ سے آڈیٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے نئے بلدیاتی اداروں کے مالی معاملات اور سکیموں کا آڈٹ کرنے کے لئے شعبہ لوکل فنڈ آڈٹ کے افسران کی نئے سرے سے تعیناتیوں کی سفارش کی تھی،گریڈ 17، 18اور 19کے ان افسران کا تعلق محکمہ فنانس کے شعبہ لوکل فنڈ آڈٹ سے ہو نے کی وجہ سے منسٹری آف فنانس کی منظوری کے بعد ان کی تعیناتی کی گئی ہے ۔ لاہور ڈویژن میں16،فیصل آباد ڈویژن میں 18،گوجرانوالہ ڈویژن میں 23، راولپنڈی ڈویژن میں23، ملتان ڈویژن میں 16،سرگودھا ڈویژن میں 20،ڈی جی خان ڈویژن میں 19، بہاولپور ڈویژن میں 16، ساہیوال ڈویژن میں 8 افسران کو تعینات کیا گیا۔ ان میں سے ریگولر بنیادوں پر 150افسران کو تعینات کیا گیا جبکہ 9اسامیوں کا اضافی چارج دیا گیا۔ مزید برآں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بھی بلدیاتی اداروں سے منسلک ہو نے کے بعد آڈٹ کے لئے افسران کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ سابقہ بلدیاتی نظام میں میٹر وپولیٹن کارپوریشن لاہور میں آڈٹ کے لئے 3افسران تعینات تھے ، اب ان کی تعداد 5کر دی گئی ۔ اسی طرح صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کے آڈٹ افسران کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔