ٹنڈوآدم (نامہ نگاران) زندگی تماشا فلم پر توہین رسالت کا مقدمہ درج کیا جائے ، ریلیز کرنے والوں کے خلاف 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا جائے ، فلم پر ملک بھر میں پابندی لگائی جائے ، یوٹیوب پر پابندی عائد کی جائے ، تنظیم تحفظ ناموس خاتم الانبیائ،پاسبان ختم نبوت اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی جانب سے زندگی تماشا فلم کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان، سکھر، پنو عاقل، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکار پور، جامشورو، حیدرآباد، کوٹری، ٹنڈوآدم،کراچی، نوابشاہ میں علما نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں، ریلیوں سے خطاب میں کہا کہ فلموں اور ڈراموں میں کھلے عام اسلامی شعائر کی توہین کی جارہی ہے ، جو ناقابل برداشت ہے ، اس سلسلے کو نہ روکا گیا تو مسلمان سڑکوں پر ہوں گے ، زندگی تماشا فلم میں گانا اور درود ساتھ ساتھ چلتا دکھایا جارہا ہے ، غیر محسوس انداز میں اسلامی تہذیب کے نقوش مٹانے کی کوشش ہورہی ہے ، ہم آگاہ کررہے ہیں کہ یہ سلسلہ فوری نہ روکا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہوگی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ زندگی تماشا فلم میں کام کرنے والے فنکاروں، ڈائریکٹرز کو 295c کے تحت توہین رسالت اور مذہبی جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے ۔