راولپنڈی ،مری (92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز) مری میں منشیات سمگلرز اور انسداد منشیات فورس کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں ایک اے این ایف اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے جبکہ چھ سمگلرز نے خود کو اے این ایف اہلکاروں کے سامنے سرینڈر کر دیا ، ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد کر لی گئی۔ علاقہ مانگہ نالا میں رات گئے اے این ایف اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات پربدنام زمانہ منشیات فروش یاسر کے گھر آپریشن کیا، تاہم جیسے ہی اے این ایف اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں نائیک اکبر شہید ہو گیا جبکہ 2اہلکار زخمی ہوئے جس کے بعد اے این ا یف اہلکاروں نے مزید نفری طلب کی جس کے بعد گھر میں موجود چھ ملزمان نے خود کو سرینڈر کر دیا جس پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ دو دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ مین سرچ آپریشن جاری رہا ۔