اسلام آباد(این این آئی،آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے پر اداکارہ وینا ملک کیخلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور نے دائر کی۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم اسلام آباد ونگ نے درخواست وصول کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیاکہ وینا ملک نے اپنے تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ،وینا ملک کے الفاظ سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ان کی دل آزاری ہوئی، سائبر کرائم ایکٹ کے تحت وینا ملک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے خلاف الزامات ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہٹائے جائیں۔ ایف آئی اے تفتیشی افسر کے مطابق درخواست موصول ہوئی ہے ، قانون کے مطابق کارروائی کررہے ہیں۔