لاہور(نامہ نگار؍ این این آئی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے بیرون ملک جانے میں کابینہ رکاوٹ ہے بلکہ ان کے اپنے گھر کے بھی مسئلے مسائل ہیں ،بلاول بھٹو کو اپنا صدقہ دیتے رہنا چاہئے ، مولانا فضل الرحمان اگر جلسہ کرنے آئے تو حلوے اور سموسوں سے تواضع کریں گے لیکن اگر دھرنا دینے آئے تو دھر لئے جائیں گے اور میں پالیسی بیان کر چکا ہوں ،آٹے کا بحران ساز ش تھا تاہم چینی کا بحران تھا ، عمران خان اس میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رہا ہے ، مہنگائی ہماری اپوزیشن اور سوتن ہے ، اگر مہنگائی پر قابو نہ پایا تو لوگ ہمارے رشتہ دار نہیں ،کل سے لاہور ، گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین چلانے جارہے ہیں جس کا کرایہ 100 روپے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کوئی لڑائی نہیں کرے گی ،دونوں بس ٹی وی پروگرام کریں گی ، کابینہ نے کہا ہے کہ مریم کو باہر نہیں جانے دینا،مریم اگر باہر گئیں تو ن لیگ کی سیاست بھی بدلتی ہے ،میرے فرینڈلی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو اپنی سیاست کے حوالے سے سوچنا ہو گا جن کے لئے بھی مسائل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو اتنے مہینے ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک علاج کے لئے عملی کوئی کام نہیں ہوا۔