لاہور(نامہ نگار خصوصی) نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کواپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے کیس کا حصہ بنانے کیلئے متفرق درخواست دائر کردی ،جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ آج متفرق درخواست پر سماعت کریگا۔ درخواست میں نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹس کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دو صفحات پر مشتمل رپورٹ میں نوازشریف کی کورونری انجیو گرافی جلد از جلد کرانے کی سفارش کی گئی ہے ، اگر انجیو گرافی نہ کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے ، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اب ٹھیک ہیں اسی لئے کنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ ڈاکٹر کاظمی سے 24 فروری کا وقت لیا گیا ہے ، ڈاکٹر کاظمی سے مشورے کے بعد نواز شریف کے دل کے علاج کی طرف جائیں گے ، نوازشریف کو علاج کے لیے برطانیہ میں طبی ماہرین کی زیر نگرانی رہنا چاہیے ۔