لاہور (نیوز رپورٹر،کامرس رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نواز شریف کو وطن واپسی کی صورت میں فوج اور رینجرز کی سکیورٹی دینے کی پیشکش کردی۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاہے کہ نوازشریف سے را کے ایجنٹ مل رہے ہیں، آپ کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ آپ مودی سے پگڑیاں بدلتے ہیں، کہاں سے کشمیری ہیں؟نوازشریف صبح واپسی کا اعلان کریں، خصوصی فلائٹ اور فول پروف سکیورٹی دیں گے ، انکی پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،آزادکشمیر میں پی ٹی آئی جیتے گی۔شیخ رشید نے کہانوازشریف روناپیٹناڈال رہے ہیں کہ میں تکلیف میں ہوں، نوازشریف جس تکلیف میں ہیں وہ انہوں نے خود منتخب کی، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کر دے گی،میرا لال حویلی سے لال چوک تک رشتہ ہے ، میں 100 فیصد کشمیری ہوں اور عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کرے گا جبکہ پاکستان قدم قدم پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے ،کشمیری بھولے نہیں ہیں، جینیئس قوم ہے ، ڈوگرہ راج سے لڑ رہے ہیں، مولانا فضل الرحمن کئی بار کشمیری کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن انکی کارکردگی انتہائی ناقص تھی،کشمیریوں فیصلہ کر ینگے کہ انہوں نے کیا کرنا ہے ،ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے حامی ہیں، بھارت اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کررکھی ہے ، 4 سے 6 ماہ بہت اہم ہیں،آج شام 7 بجے لال حویلی سے پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کروں گا۔مجھے شک ہے کہ پیپلزپارٹی ن لیگ سے ایک سیٹ زیادہ لے گی، اپوزیشن نے ابھی سے رونا دھونا شروع کردیا ہے ، ان لوگوں نے پہلے ہی ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے ، ساس اور بہو کی لڑائی ہو تو کہتے ہیں ڈی چوک جارہاہوں، میرے دل کا جانی بلاول کہتا ہے میں کشمیر میں آرہا ہوں، اس کا راستہ کون روک سکتا ہے ، اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ آئندہ الیکشن کی تیاری کریں 3سال گزر گئے ہیں اور صرف ایک سال باقی ہے ۔