لاہور، وہاڑی (جنرل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں مزید کئی افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ لاہور میں ڈینگی وائرس کے مزید 2 نئے کیس رپورٹ ہو گئے ،کنفرم مریضوں کی تعداد 32 ہوگئی۔وہاڑی میں ڈینگی کی یلغارایک ہی خاندان کے تین مریض سجاد،بشیراورعمران سامنے آگئے جنہیں ڈی ایچ کیوہسپتال داخل کرادیاگیا۔ جبکہ گذشتہ روز لاہور میں 41افراد کے خلاف آئوٹ ڈور سرویلنس کے دوران لاروا ملنے پر مقدمات کا اندراج کرایا گیا، 2مقامات کو سیل کیا گیا اور سات افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے سمن آباد ہسپتال کا دورہ کیا۔ڈینگی مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی صورت حال کا جائزہ لیا۔لوگوں میں ڈینگی آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے ،سمن آباد میں ڈینگی لاروا کی نشاندہی پائی گئی،ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے گھر کے مالک کو ڈینگی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ۔ضلعی انتظامیہ نے سوموار سے انسداد ڈینگی مہم کی مناسبت تشہیر کرنے اور عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ’’ہفتہ انسداد ڈینگی‘‘کے دوران بھرپور انداز میں سیمینارز، واکس اوردیگر تقریبات کا اہتمام کرنیکی ہدایت جاری کی ۔