لاہور(خبرنگارخصوصی) لاہور چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشش کو سراہتے ہیں ، ایف بی آر نے ا س حوالے سے کمیٹیاں قائم کی ہیں، جب ان کمیٹیوں کے ذریعے تاجروں اور حکومت کے درمیان مذاکرا ت ہوں گے تو مسائل کے حل سامنے آئیں گے ، ہمارے جو دوست ان کمیٹیوں میں شامل ہیں وہ بہت تجربہ کار ہیں، ہمیں ان دوستوں سے بہت سی امیدیں ہیں۔تمام مسائل ایک نشست میں حل نہیں ہوسکتے لیکن ہمیں امید ہے آہستہ آہستہ تاجروں کے مسائل حل ہوں گے اور وہ بغیر کسی مشکل کے اپناکارو بار جاری رکھ سکیں گے ، تاجرو صنعت کار ٹیکس دینے کے خلاف نہیں ہیں لیکن ٹیکس دینے کا طریقہ مشکل اور پیچیدہ ہے جس وجہ سے تاجر پریشان ہوتے ہیں لیکن اب ہمیں امید رکھنی چاہئے کہ ایف بی آر اورتاجروں میں مذاکرات کا نیا سلسلہ ان مشکلات کو ختم کرنے کا باعث ہوگا ۔