اسلام آباد (وقائع نگار) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔ حاضرین سے خطاب کے دوران ائیر چیف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں فراہم کردہ تعلیم و تربیت کے معیار کو سراہا۔ سلامتی کے موجودہ چیلنجز اور تکنیکی جدت پر بات کرتے ہوئے ایئر چیف نے مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری مسلح افواج علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا پاک فضائیہ ملک کیخلاف کسی بھی جارحیت اور مذموم ارادے کا بروقت جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ بعدازاں سربراہ پاک فضائیہ نے کورس کے شرکا سے تبادلہ خیال بھی کیا۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے بھی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا اورنیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔ نیول چیف کی آمد پر صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے اُن کا استقبال کیا۔ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہمیں نئی ٹیکنالوجی سے واقفیت اور دنیا کے پیچیدہ اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ملٹری آپریشنز کے جدید نظر یے میں اتحاد کو مرکزی حیثیت حاصل ہے کیونکہ موجودہ جنگی آپریشنز میں کوئی فوج اکیلے کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔ نیول چیف نے مزید کہا پاک بحریہ ملک کو درپیش بحری سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دیگر مسلح افواج کی معاونت کیساتھ ہمہ وقت تیار ہے ۔ سربراہ پاک بحریہ نے ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے مسلح افواج کے کردار اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے کورس کے شرکاکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر کرنے اور بہترین تعلیمی خدمات فراہم کرنے کیلئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا۔