پشاور(نیوز رپورٹر)جے یو آئی (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مدارس کے خلاف بین الاقوامی ایجنڈے پر عمل پیرا حکمران اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو نگے ،قوم نے ملین مارچ کے پروگراموںکو کامیاب کرکے قومی یکجہتی کاثبوت دیاہے ، ملین مارچ کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ پشاور میں مجلس عاملہ، قبائلی اضلاع اور ہزارہ ڈویژن کے عہدیداروں اور تحت آباد میں 50 سالہ اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدارس اور مذہبی قیادت نے ہمیشہ اسلامی تہذیب اور ملک کے دفاع کی جنگ لڑی ہے ،پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے اور مسلمانوں کو ہی دہشتگرد قرار دیا جاریا ہے ، دنیا جانتی ہے کہ دہشتگردی امریکہ کی سرپرستی میں کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم پر نااہل حکمرانوں کو مسلط کر دیا گیا، ہم مسلط حکمرانوں کو تسلیم نہیں کرتے ، فحاشی اور عریانی کو فروغ دینے والے نااہل حکمرانوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی ،انہوں نے کہا کہ ملک کو اقتصادی اور معاشی طور پر دیوالیہ کیا جارہا ہے ۔