لاہور(سٹاف رپورٹر، این این آئی )صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کی سینئر قیاد ت کا اہم اجلاس ماڈل ٹاؤن میں ہوا جس میں پارٹی کی تنظیم نو ،مہنگائی معاشی صورتحال کے خلاف ملک گیر سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے اورکنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں راجہ ظفر الحق، رانا تنویر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب ، ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔اجلاس میں نوازشریف کے حق میں عدالتی فیصلے پر اﷲ تعالی کا شکر بجالاتے ہوئے کہاگیا قوم، مخلص کارکنان اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ساتھ دینے والے تمام افراد وشخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اجلاس نے کہاعوام اورکارکنان کی یہ محبت ہماری اصل قوت اور سرمایہ ہے جبکہ نوازشریف پاکستان کاقیمتی اثاثہ ہیں۔اجلاس میں اپوزیشن اور حکومت کی ان اتحادی جماعتوں اورقائدین کا بھی شکریہ ادا کیاگیا جنہوں نے نوازشریف کے لئے اپنی فکرمندی اور ان کے بیرون ملک علاج کے جائز، قانونی اور انسانی مسئلے کی حمایت میں بیانات دئیے ۔ اجلاس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں،وکلا کی ٹیم اور پارٹی کے وکلا ونگ کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔شہبازشریف نے نوازشریف کی صحت کی موجودہ صورتحال اورآج بیرون ملک علاج کے لئے منتقلی کے انتظامات پر تفصیلات سے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کیا اور پارٹی کے مخلص، وفادار، نظریاتی اور محنتی کارکنان کی خصوصی حوصلہ افزائی اور ان کو تنظیم میں نمایاں کردار دینے کے لئے بھی رہنمائی دی۔ اجلاس نے شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا، سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل اور کامران مائیکل سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی قربانی اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اجلاس میں نوازشریف کو ملک و قوم کے لئے تاریخی قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا ۔اجلاس نے نوازشریف کی صحت کاملہ کے لئے خصوصی دعا کی اوراس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ قوم کو بجلی، گیس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نکالنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے ۔میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا ملک کو تمام مسائل سے نکالنے کا راستہ نئے انتخابات ہیں،عمران خان کی نفرت نے تقسیم بڑھا دی ،ملک میں مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ،ہمیں قانون سے ریلیف ملا اور حکومت کو شرمندگی اٹھانا پڑی،شہزاد اکبر نے کہا یہ جہاں جائیں گے ہم عدالت کا فیصلہ وہاں پیش کرینگے ،کیا کیلیفورنیا کی عدالت کا فیصلہ ہم نے دنیا بھر میں بھیجنے کا کبھی کہا ؟،رہبرکمیٹی میں فیصلہ ہوا تھاپلان بی اور سی پر تمام جماعتیں اپنی حکمت عملی کے مطابق چلیں گی،نئے پاکستان کی طرح جنوبی پنجاب کے لوگوں سے بھی دھوکہ ہوا،ہم نے ہزارہ صوبہ کا بھی ترمیمی بل جمع کرایا،حکومت خاموش ہے لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے ،گرفتار سیاسی اسیران کی فوری رہائی اور میڈیا کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے خطاب پر رد عمل میں مریم اورنگزیب نے کہاہزارہ موٹروے ن لیگ کا تحفہ اور نالائق افتتاح کر رہے ہیں،وزیراعظم اس شخص کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں جس کے منصوبے کا افتتاح کیا،نوازشریف کے ایک اور منصوبے پر نالائق کے نام کی تختی لگائی گئی،عمران صاحب آپ تو کہتے ہیں سب چور ہیں تو پھر چوروں کے منصوبوں کا افتتاح کیوں کیا،نواز شریف کے منصوبوں کا 100 سال بعدبھی افتتاح ہو گا۔