اسلام آباد،لاہور،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر، اپنے رپورٹر سے، وقائع نگار،92نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ مشکل فیصلے قوم اور ملک کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں اورپاکستان معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے ۔قومی اداروں کی تنظیم نوکا عمل ڈی ریل نہیں ہو گا۔ قرض اتارنے اور نظام میں بہتری کیلئے قوم کو مزید انتظار کرنا ہو گا۔ اچھے ،برے وقت آتے رہتے ہیں ، وسائل کو دیانتداری سے استعمال کر کے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جائیگی۔ انتخابی وعدوں کے مطابق صحت ، روزگار ،تعلیم سمیت تمام منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا، ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائینگے ۔گزشتہ روز وزیراعظم نے راولپنڈی میں چائلڈ اینڈ مدر کیئر ہسپتال کے زیر التوا منصوبہ کادوبارہ سنگ بنیاد رکھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کیلئے جدوجہد پر شیخ رشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،صحت کی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،ماں بچہ ہسپتال کیلئے ٹاسک فورس بنائی ہے ۔ عوام کی بنیادی ضرورت پوری کرناحکومت کی پہچان ہوتی ہے ،جہاں بھی ضرورت ہوگی نئے ہسپتال بنائے جائینگے ۔آسان شرائط پر نوجوانوں کو قرضے دینگے ،احساس پروگرام کے ذریعے نئی سوچ لارہے ہیں،بے گھرافراد کو گھر بناکر دینگے ،بے گھراورمستحق افرادکیلئے پناہ گاہوں کی تعدادمیں اضافہ کررہے ہیں،دیہات میں لوگوں کوگائے ،بھینسیں،مرغیاں اور بکریاں،شہری علاقوں میں سستے گھردینگے ، پروگرام بنالیاہے ، گیس اوربجلی اسلئے مہنگی ہوئی کہ یہ محکمے مقروض ہوچکے ، احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے ،لوگ مشکل میں ہیں، بجلی، گیس مہنگی ہے ۔ مہنگائی کیوں ہے ؟کیوں کہ پچھلا نظام ٹھیک نہیں تھا،اسلئے قرضے چڑھ گئے ،1300ارب روپے کے گردشی قرضے ورثے میں ملے ،گیس سیکٹر پر ڈیڑھ ارب روپے کا قرضہ تھا،قیمتیں نہیں بڑھائیں گے تو قرضے بڑھتے جائینگے ، کوشش ہے کوئی آدمی فٹ پاتھ پرنہ سوئے ،جیسے جیسے نظام ٹھیک ہوتاجائے گاپتاچل جائیگایہ ملک کتنی بڑی نعمت ہے ،مشکل وقت جلد دور ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہاکہ فلاحی کاموں سے ہی دنیا میں نام باقی رہتاہے ۔وزیراعظم کی دیانتداری کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری آرہی ہے ،ہم نے 10 ہزار نوکریاں ریلوے میں دیں۔ بجلی،گیس اور آٹانوازشریف اورزرداری کی وجہ سے مہنگے ہیں۔علاوہ ازیں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام برائے مالی سال 2019-20 پر اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ کم ترقی یافتہ اور پس ماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ اقتصادی ترقی کا عمل اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتا جب تک پس ماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر نہ لایا جائے ۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگہ، سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن و دیگر حکام شریک تھے ۔خسرو بختیارنے وزیر اعظم کو نئے اورجاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ معاشی ترقی کیلئے نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے ،زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے ۔ پبلک ہرمنصوبے کی تکمیل اور فعالیت پر توجہ دی جائے ۔دریں اثنا وزیر اعظم آفس میں پی ٹی آئی رہنما سینئر قانون دان بابر اعوان سے ملاقات میں عمران خان نے کہا قوم کرپشن اور غربت سے نجات چاہتی ہے ،اسلئے ہم نے ووٹ لئے ، انہیں مایوس نہیں کرینگے ، کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا،قومی اداروں کی تنظیم نو کاعمل ڈی ریل نہیں ہو گا۔پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ملاقات میں آئینی، قانونی اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور دیگر اقتصادی ماہرین نے ملاقات کی ۔ مشیر خزانہ اور دیگر حکام نے وزیراعظم کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے حتمی معاہدے پر بریفنگ دی اور بیل آؤٹ پیکیج سے متعلق آگاہ کیا۔ دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئر (ر)اعجاز شاہ نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے لاہور دھماکے کی ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن وامان اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 14 مئی کو طلب کر لیا جس میں8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائیگا ۔ جاری ایجنڈے کے مطابق وفاقی کابینہ کو ماہانہ مہنگائی کی شرح ، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں ،نظام تعلیم ، مدارس کو قومی دھارنے میں لانے پر اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی جائیگی ۔ وزیراعظم نے ایمنسٹی سکیم پر بریفنگ کیلئے پیرکو اجلاس طلب کرلیا،وزرا،ارکان اسمبلی،پی ٹی آئی اوراتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی شریک ہونگے ،اجلاس کے بعد وزرا اورارکان اسمبلی کیلئے افطارڈنرکا اہتمام کیاجائیگا۔وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے اور ایوان وزیر اعلیٰ میں اہم اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرینگے ۔ وزیر اعلیٰ و گورنرپنجاب سمیت صوبائی کابینہ کے وزرا سے ملاقاتیں کرینگے جبکہ گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے ۔وزیراعظم کی لاہور متوقع آمد کے حوالے سے پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کرلئے اورانکی رہائش گاہ زمان پارک کے قرب وجوار میں سرچ آپریشن شروع اور سادہ کپڑوں میں اہلکاروں کو تعینات کردیا ۔ عمران شوکت خانم ہسپتال کے افطار ڈنر کی تقریب میں بھی شرکت کرینگے ۔