لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے مشکل وقت میں ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے ،حالات کامقابلہ کریں اور سر خرو ہوں گے ۔نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہلخانہ نے ملاقات کی ۔ محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق نواز شریف سے خاندان کے پانچ افراد بھائی شہباز شریف ، صاحبزادی مریم نواز ، داماد کیپٹن (ر) صفدراور دیگر نے ملاقات کر کے خیریت دریافت کی ۔اس موقع پرمریم نواز کی آج عدالت پیشی،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،کیسز اور ڈیلی میل کی خبر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو آگاہ کیا کہ برطانیہ کی جانب سے بغیر کسی تاخیر کے اس کی تردید کی گئی ،اس سلسلے میں قانونی چارہ جوئی بھی کر رہے ہیں اور وکلاء کی ٹیم لندن پہنچ چکی ہے ۔ذرائع نے بتایامریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کیلئے جی ٹی روڈ سے لاہور سے ریلی کے ذریعے اسلام آبادجانا چاہتی تھیں تاہم نوازشریف نے انہیں ریلی کے ذریعے اسلام آباد جانے سے روک دیا ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی کوٹ لکھپت جیل میں ان سے ملاقات کر کے طبی معائنہ کیا۔شریف خاندان کی کوٹ لکھپت جیل آمد پر کارکنوں نے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں اورنعرے لگائے ۔