لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کااجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ، پرائس کنٹرول میکا نزم پر عملدرآمد اور مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ذخیرہ اندوز، گرانفروش اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔عام آدمی کا خون نچوڑنے والے ان مافیاز کے خلاف آہنی ہاتھ ڈالا جائے ۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے صورتحال بہتر بنانے کے لئے انتظامیہ جان لڑا دے ۔ انتظامیہ کی کاوشوں سے کچھ بہتری آئی ہے تاہم صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گھی کے تمام برانڈز کی قیمتوں کا گھی کے پیکٹ پر اندراج یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ سبسڈائز گندم وصول کر کے آٹا مارکیٹوں میں فراہم نہ کرنے والی فلور ملوں کے خلاف کارروائی کی جائے اورمارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق رسد یقینی بنائی جائے ۔