اسلام آباد،کراچی(92نیوز رپورٹ)پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے ہیں جن کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو4.2ارب ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق سعودی حکومت کی اس فراخدلانہ ہدایت کے نفاذ کیلئے ،جس کا مقصد پاکستان میں معاشی نمو کو سپورٹ کرنا ہے ،سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد الخطیب کی جانب سے فنڈ کے سی ای او سلطان المرشدنے پاکستان کیساتھ 4.2 بلین ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط کیے ۔پہلے معاہدے میں مرکزی بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کی مدد کیلئے 3 بلین ڈالر کا ڈپازٹ شامل ہے ۔ اس معاہدے پر پاکستان کے مرکزی بینک کے گورنررضا باقر اور فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کیے ۔دوسرا معاہدہ 1.2 بلین ڈالر کا ہوا جو پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کیلئے مختص ہے ، معاہدے پر اسلام آباد میں وزارت تجارت کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستان کے وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب، فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد اور پاکستان میں سعودی سفیر سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ۔معاہدے کے تحت 3 ارب ڈالرکی رقم سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کا حصہ بن جائیگی۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی عرب اور حکومت پاکستان کے درمیان ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں ۔معاہدے کے تحت سعودی عرب پاکستان میں 3ارب ڈالر رکھوائے گا،یہ رقم پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں معاونت کریگی اور کووڈ19 کی وبا کے منفی اثرات دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔اس سلسلے میں کہا گیا کہ یہ ڈپازٹ معاہدہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔