مکرمی! پی ٹی آئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد کاروباری ، صنعتی ، کاشتکار، ملازمت پیشہ سمیت ہر طبقہ فکر کرب میں مبتلا ہے۔ حکومت کے تمام تر دعوے پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہیں اب تو نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ عوام الناس کو جان کے لالے پڑ گئے ہیں۔ مملکت خدا داد نظریاتی طور پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور معیشت کے لحاظ سے بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے لیکن آج زرعی ملک کی حالت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے خوراک کھانے کے تمام تر لوازمات کامسکن پاکستان میں ہے مگر رزق میں بے برکتی اور پیداوار میں مسلسل کمی ہو گئی ہے ابھی ملک میں آٹے کا بحران ہر سو جاری ہے کہ چینی کے مہنگے ہونے کے بحران نے سراٹھا لیا ہے لیکن شوگر ملزمالکان، آٹا ملز مالکان کی تو چاندی ہو گئی ہے اوپر سے چکی آٹا ایسوسی ایشن کے وارے نیارے ہو گئے ہیں۔ ہمارے وزیر اعظم تو کہتے ہیں کہ میں کسی کرپٹ کو چھوڑوں گا نہیں کسی کو این آر او نہیں دوں گا میرا مافیا کے ساتھ مقابلہ ہے تو جناب وزیراعظم صاحب مافیا آپ کے سامنے موجود ہے انہیں گرفت میں لانے سے کیوں گریزاں ہیں؟