اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر معید یوسف کو قومی سلامتی کا معاون خصوصی مقرر کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ڈاکٹر معید یوسف نے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹر اور پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے ، وہ متعدد کتابوں کے مصنف ہونے کے علاوہ بین الاقوامی تھینک ٹینکس اور جامعات کے ساتھ بھی منسلک رہے ہیں۔ڈاکٹر معید کی تحقیق کا مرکز جنوبی ایشیا کو درپیش دفاعی خطرات ، جنوبی ایشیائی ملکوں کے درمیان باہمی تجارت اور خطے سے غربت کے خاتمے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ ہے ۔ وہ امریکی ادارے یو ایس آئی پی سے کم و بیش 10 برس منسلک رہے ہیں۔ 17 اکتوبر 2019 کو ڈاکٹر معید یوسف نے چیئرمین سٹرٹیجک پالیسی پلاننگ سیل کا عہدہ سنبھالا تھا۔