لاہور(اپنے رپورٹر سے ) مغل پورہ ریلوے سٹیشن کالونی میں سہولتوں کا فقدان، گنداپانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔ سیوریج کے ناقص سسٹم کے باعث نمازیوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے ، صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کالونی میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور گندا پانی رہائشیوں کے گھروں کے باہر کھڑا ہونے سے ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اس حوالے سے ریلوے ملازمین نے متعلقہ حکام اور سینٹری انسپکٹر کو بھی شکایت کی لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی ۔ ریلوے ملازمین نے کالونی میں گندگی کے ڈھیر اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ریلوے کے اعلیٰ حکام کو درخواست بھی دی گئی لیکن کالونی میں صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی گئی۔ واضح رہے کہ ریلوے کالونی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سینٹری انسپکٹر تجمل اور ڈی ایم او ریلوے لاہور ڈویژن سے ملاقات کرکے بھی انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن مغل پورہ سے ملحقہ ریلوے کالونی میں کئی سالوں سے سہولتوں کا فقدان ہے اور ریلوے ملازمین یہاں کسمپرسی کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ گھروں کے باہر سیوریج کا گندا پانی جمع ہونے سے ملازمین کو شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے اور نماز کی ادائیگی کے لئے جانے والے افراد کو بھی مشکل کا سامنا ہے ۔ ریلوے کالونی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے انتظام کو بہتر بنایا جائے اور سیوریج کے بوسیدہ پائپ تبدیل کیے جائیں تا کہ رہائشیوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔