لاہور( عمران راج) پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار برادری نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم کیخلاف اپنی آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کشمیر پر بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لے ۔ معروف پاکستانی گلوکار ہ حدیقہ کیانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری خون ریزی کو اب بند کیا جائے ،ہم اب امن چاہتے ہیں، ہمیں کشمیریوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔ کشمیر کے معاملے پر دونوں اطراف سے حل چاہتے ہیں۔ ایسا حل جس سے کشمیریوں پر جاری ظلم ختم ہو ۔کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ انسانیت کا معاملہ بن چکا ہے ۔گلوکار سلمان احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دنیا کے واحد لیڈر ہیں جو بار بار مظلوم کشمیریوں کے حق میں کھڑے ہوئے ۔ہم عمران خان کا مرتے دم تک ساتھ دینگے ۔عمران خان ہمیشہ نمبر 1 رہیں گے ۔ معروف گلوکار فرحان سعید نے کہا کہ مقوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی بربریت کے نتیجہ میں کشمیریوں کی حالت زار پر دنیا کی بے حسی ظاہرہورہی ہے ۔ بے رحمانہ واقعہ پر میری ہمدردیاں شہید بشیر احمد اور 3 سالہ بچے اورانکے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔