ملتان ، لاہور ( سپیشل رپورٹرز، سٹاف رپورٹر ز ) اراضی پر قبضہ کے الزامات میں ملتان سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے عبد الغفار ڈوگر اور چونیاں سے سابق لیگی ایم پی اے احسن رضا کو گرفتار کرلیا گیا، کوٹ سلطان میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ثقلین اور ایم پی اے اعجاز پر اراضی پر قبضہ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ، مریم نواز ، رانا ثنا اور دیگر لیگی رہنماؤں نے عبد الغفار ڈوگر اور دیگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔ ملتان میں ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) بلال بٹ نے بتایا عبدالغفار ڈوگر کو چوک کمہاراں پر واقع ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کے خلاف دھوکہ دہی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جعلی دستاویزات بنانے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، انہوں نے ایک کنال ایک مرلہ کے گھر پر غیر قانونی قبضہ کیا، گرفتاری کے خلاف ن لیگ کے کارکنوں نے اینٹی کرپشن دفتر کے سامنے احتجاج کیا ، مسلم لیگ ن ضلع و سٹی اور شعبہ خواتین کے زیر اہتمام بڑی ریلیاں نکالی گئیں، دریں اثنا مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ جب نواز شریف کی طرح عوام کامنتخب وزیر اعظم ہو تو 126 دن کا دھرنا بھی ناکام ہوتا ہے مگر جب سلیکٹڈ ہوں تو محض جلسوں سے ٹانگیں کانپنے لگ جاتی ہیں، اتنا خوف ہے مسلم لیگ(ن) کے ہر جلسے سے پہلے وہاں کے رہنمائوں پر کریک ڈائون شروع ہوجاتا ہے ، حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا، انشااﷲ !، مریم نواز کا کہنا تھا انشااﷲ ملتان کا جلسہ بھی اپنے مقررہ وقت پر ہوگا ، ملتان سے (ن)لیگ کے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہی ہے کہ وہ نوازشریف کے بیانیے کا علم بلند کیے ہوئے ہیں، مریم نواز نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ عبدالغفار ڈوگر کی اپنے اور نواز شریف کے ساتھ تصاویر بھی جاری کیں، مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر راناثنائاللہ،عطائاللہ تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے ملتان سے لیگی ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ، رانا ثنا نے کہا عبدالغفار کو صبح نماز فجر کے وقت گھر پر چھاپہ مارکر گرفتار کیا گیا، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ، عبدالغفار پر الزام ہے 20 سال قبل انہوں نے ایک مکان خریدا لیکن اس کا انتقال درست نہیں تھا، گرفتاری صرف ملتان جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے بہانہ ، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب عثمان بزدار کے آلہ کار نہ بنیں، حکومت ملتان اور لاہور جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبرا گئی ، ادھر چونیاں میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے اورصوبائی پارلیمانی سیکرٹری احسن رضا کو گرفتارکرلیاگیا،احسن رضا پرغیرقانونی ہائوسنگ کالونی بنانے اورسرکاری اراضی پرقبضہ کرنے کاالزام ہے ۔کوٹ سلطان میں سابق لیگی ایم این اے ثقلین شاہ پر 435 کنال جبکہ ایم پی اے و ڈویژنل صدر ن لیگ مہر اعجاز اچلانہ پر 916 کنال اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ترجمان اعجاز اچلانہ نے کہا سیاسی انتقام شروع کیا جارہا ۔