اسلام آباد(صباح نیوز)پیرس کے ریسرچ ادارے اپسوس کے تازہ جاری سروے کے مطابق پاکستان کانیشنل انڈیکس خطے سمیت افریقہ اور مشرق وسطی کے ممالک سے بھی کم ہے ،79فیصد پاکستانیوں کی رائے میں پاکستان صحیح سمت میں نہیں جارہاہے ،ملک کے بڑے مسائل مہنگائی، بے روزگاری اور اضافی ٹیکسز ہیں،صرف دس فیصدعوام حکومت اوراپنی معاشی حالت سے مطمئن ہیں،صارفین کے اعتماد میں کمی آرہی ہے ،اکثریت کواگلے چھ ماہ میں معیشت میں کوئی بہتری آنے کی امیدنہیں ہے ، اپسوس کے پاکستان میں منیجنگ ڈائیریکٹر عبدستار بابر نے جمعرات کو تقریب کے دورا ن تازہ سروے کے نتائج جاری کئے ، عبدستار بابر نے کہا اپسوس نے رواں مالی سال جولائی سے دسمبر کے درمیان دیہی و شہری علاقوں میں 2900افراد سے جواب طلب کیے ، جن کا ماننا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل میں سے سب سے بڑے تین مسائل میں مہنگائی، بے روزگاری اور اضافی ٹیکسز ہیں، 79 فیصد افراد نے مقامی اور قومی معیشت کے حوالے سے مایوسی کا اظہار کیا، سروے کے شرکا ء کا کہنا تھا گزشتہ 12 ماہ میں انہیں بنیادی گھریلو اشیا خریدنے یا کار یا گھر جیسی بڑی خریداری کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ، 10 جواب دہندگان میں سے 4 کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی حیثیت پر ایک ایسے شخص کو جانتے ہیں جس نے اپنا روزگار کھویا ہے ، 10 میں سے 9 صارفین عام گھریلو اشیا خریدنے سمیت گھر یا گاڑی وغیرہ خریدنے کے لیے کمزور ہیں ، 10 میں سے ایک نے کہا کہ ان کی موجودہ معاشی صورتحال مضبوط ہے ، دیگر ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے مقابلے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کا انڈیکس بھی کم تر رہا ، اپسوس نے ملک کی سرمایہ کاری کا انڈیکس 19.1 بتایا جو بھارت کے 64.7، جنوبی افریقہ کے 40.6، ترکی کے 27.5 اور برازیل کے 50.4 سے کہیں کم ہے ، پاکستان کانیشنل انڈیکس32.8ہے جو کہ27ممالک میں سے کم تر ہے ۔