اسلام آباد(صباح نیوز) ملک بھر میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 15گھنٹے تک پہنچنے سے شدید گرمی میں روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروبار زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ کئی کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش نے عوام کا جینا محال کردیا جبکہ شدید گرمی میں سحر و افطاربھی مشکل ہوگیا۔پنجاب کے شہری علاقوں میں آٹھ سے 9 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی۔بہاولپورکے شہری علاقوں میں چار سے پانچ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8سے 10گھنٹوں تک پہنچ گیا ۔کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چار سے چھ گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 8 سے 15 گھنٹوں تک پہنچ گیا۔نواب شاہ میں بجلی کی بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔صوبہ خیبرپختونخوا کے شہری علاقوں میں 8 اور دیہی علاقوں میں 12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،پیسکو حکام نے کہاصارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی کی کوشش کر رہے ہیں، فیڈرز پر زیادہ لوڈ کے باعث بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری رہی ۔ترجمان کیسکو نے کہاکوئٹہ میں یومیہ 8 گھنٹے جبکہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں 12 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے ۔