اسلام آباد،لاہور،کراچی( خبر نگار خصو صی، خصوصی نیوز رپورٹر،وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر،این این آئی) ایٹمی سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی وفات پر ملک بھر میں سوگ منایا گیا،ہر آنکھ اشکبار رہی، قوم نے اپنے ہیرو کو بھر پور سلام عقیدت پیش کیا، تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا ۔صدر مملکت ،وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔صدرعارف علوی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ انتقال کا جان کر بہت دکھ ہوا، قوم خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے پیار کرتی ہے ۔ایٹمی پروگرام کیوجہ سے جارح نیوکلئیر ہمسایہ کے سامنے پاکستان کو سکیورٹی ملی،پاکستانی عوام کے لئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی آئیکون تھے ۔ عسکری قیادت نے خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر نے کہا کہ ملکی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔سربراہ نیوی ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی انتقال پر اظہار تعزیت اور خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عظیم انسان اور محب وطن پاکستانی تھے ،خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو ناقابل تسخیربنایا ، پوری کوشش کی گئی تاہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہوسکے ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اوروزیر خزانہ شوکت ترین نے کہاکہ ڈاکٹر قدیر خان قوم کے ہیرو تھے ۔قائم مقام صدرمحمد صادق سنجرانی نے کہا کہ خدمات کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی نے بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر چودھری فواد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے ، پاکستان کیلئے ان کی ان گنت خدمات ہیں۔وفاقی وزرا اسد عمر ،اعجاز احمد شاہ ، میاں سومرو، علی امین گنڈا پور اور سید فخر امام نے کہا کہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مسلم لیگ کے صدر شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ وہ ایک عظیم سائنسدان اور سچے پاکستانی تھے ۔ دفاع کیلئے خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وفات قومی سانحے سے کم نہیں ۔گورنر پنجاب چودھری سرور اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ انتقال پر ہر محب وطن پاکستانی کی آنکھ اشکبار ہے ۔اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان عظیم قومی ہیرو تھے ۔وزیر مملکت فرخ حبیب اور معاون خصوصی شہباز گل نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مدارس و مساجد میں کل نماز فجر کے بعد قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ائیرپورٹ اور بڑی بڑی عمارتوں کو قومی ہیرو کے نام سے منصوب کیا جائے ۔ لاہور،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،خبر نگار خصو صی،خصوصی نیوز رپورٹر،نمائندہ خصو صی سے ، 92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی، صباح نیوز) مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف نے کہاہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹرعبد القدیر خان کے انتقال پر مسلم لیگ(ن )آج ملک بھر میں یوم سوگ منائے گی ، خصوصی دعائیہ تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔ لیگی نائب صدر مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے لیے انکی خدمات بہت بڑی ہیں ۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فوجی آمر کے جبر اور ناروا سلوک کی بدولت انہوں نے آخری ایام انتہائی دکھ اور مایوسی میں گزارے ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیارولی نے کہا کہ سائنسدان کے ساتھ ساتھ ایک سیاستدان، کالم نویس اور معلم بھی تھے ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ ملک و قوم محسن پاکستان سے محروم ہو گئے ، ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔لیگی رہنماؤ ں حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب اور رانا ثنا اللہ نے کہاکہ پاکستان کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان ہے ، وفات سے ملک میں سائنسی تخلیق اور ٹیکنالوجی کا ایک باب بند ہو گیا ۔ پی پی چیئر مین بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان کا ایک عظیم محب وطن فرزند ہم سے بچھڑ گیا، قوم ان کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں رحمان ملک،شازیہ مری ،سینیٹر شیری رحمان اورنیر حسین بخاری نے بھی انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے کہا کہ انتقال سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔بوالخیرمحمدزبیر اورسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے تعزیتی بیان میں کہا کہ ملکی دفاع کیلئے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔پی پی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ، حسن مرتضی ، شہزاد سعید چیمہ فیصل میر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی میدان میں کامیابیاں ڈاکٹر قدیر کی مرہون منت ہیں،نام پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھاجائیگا۔