مکرمی! ضروریاتِ زندگی کی حالیہ غریب مار اور عوام کْش لہر کے اصل محرکات اورحقیقی وجوہات کا کھوج لگا کر اور قابو پا کر عوام کیلئے سْکھ کا سانس لینا ممکن بنایا جائے۔ روز افزوں مہنگائی سے بے تاب و بے چین عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت ضروریاتِ زندگی کی ناگفتہ بہ گرانی کی وجہ سے انکی اجیرن زندگی کا ہوشمندی و حقیقت سے پسندی کے ساتھ ادراک کر کے گراں فروش عناصر کا تعیّن کرے اور انہیں کڑے احتساب کے کٹہرے میں لائے۔ جائز منافع اندوزی ہر دوکاندار کا حق ہے، لیکن قباحت صرف ناجائز منافع خوری کی ہے جو کہ خلافِ شریعت، خلاف اخلاق اور خلافِ قانون ہے۔ لہٰذا اس ناقابل برداشت مہنگائی میں حرص و ہوس کے مارے ہوئے گراں فروشوں کو لگام دینا حالات حاضرہ کا اہم تقاضہ ہے، حکومت ضروریات زندگی کے نرخوں پر چیک اینڈ کنٹرول کا نظام قائم کرنے کیلئے ملک بھر میں چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے۔ جو ناجائز منافع خوری کے سدِ باب کیلئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کریں۔ (محمد شفیع کالج روڈ بْورے والا)