اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،این این آئی، خبر نگارخصوصی،سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے وزیراعظم کو کوئی ٹیکہ لگائیں کہ انہیں مہنگائی بھی ختم ہوتی نظر آئے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا اس جیسی حکومت پہلے آئی نہ آئندہ آئے گی،مہنگائی کا مسئلہ کسی پر الزام لگانے سے حل نہیں ہو گا ،اسے کنٹرول کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ،مہنگائی موجودہ حکومت کے جانے سے ہی ختم ہو گی،کراچی میں 20 کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے تاہم حکومت کو پتہ ہی نہیں چلا گیس کہاں سے آئی،حکومت قرضہ لے کر گزارہ کر رہی ہے ،اس کی تمام آمدن سود ادا کرنے میں چلی جاتی ہے ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا نالائقوں کا یہی نیا پاکستان ہے کہ پرانے پاکستان کو انہوں نے کفن پہنا دیا ہے ، مہنگائی بھی ہے ، چوری بھی ہے اوراوپر سے سینہ زوری بھی ہے ، جس میڈیا کی وجہ سے یہ اقتدار میں آئے اسے انہوں نے مافیا بنا دیا ،مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیئے ہیں، وزرا بھی مہنگائی پر بات کر رہے ہیں،نیازی صاحب کہتے ہیں چینی آور آٹا بحران کے مافیا کا معلوم ہے ،وزرا کہتے ہیں مافیا کے خلاف ایکشن لیں گے ،وہ ایکشن کبھی نہیں لیں گے ، ایکشن صرف ن لیگ کے خلاف ہوتا ہے ،جنہوں نے قومی خزانے پر ہاتھ پھیرا وہ نیازی کے ارد گرد ہیں، انکے خلاف کوئی کاروائی ہوئی نہ ہوگی،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، کہاں ہے جنوبی پنجاب صوبہ، دال، چینی، آٹے کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، ملکی سالمیت خطرے میں ہے ،خاموش رہے تو قوم کسی کو معاف نہیں کریگی، بے حسی دکھائی تو لوگ امیروں کے گھروں پر حملہ کریں گے ،جیسے ہی نواز شریف ٹھیک ہونگے شہباز شریف واپس آئیں گے ۔