اسلام آباد (نامہ نگار،این این آئی،آن لائن) پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ایک اور ملزم اومنی گروپ کے ڈائریکٹر سید حسین فیصل جاموٹ وعدہ معاف گواہ بن گیا جبکہ احتساب عدالت نے سابق صدر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کردی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید، عدیل راشدی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش جبکہ آصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے ۔عدالت نے آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے استفسار کیا آج فرد جرم عائد کی جانی ہے ، شریک ملزم انور مجید کہاں ہیں؟۔ وکیل نے بتایا انور مجید کراچی کے ہسپتال میں ہیں۔نیب پراسکیوٹر نے استدعا کی ہم نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے ، ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے ۔ فاروق نائیک نے اعتراض کیا عبوری ریفرنس پر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔نیب نے ملزم سید حسین فیصل جاموٹ کے وعدہ معاف گواہ بننے سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کردی۔ اس سے قبل 3 ملزمان کرن امان، نورین سلطان اور اسلم مسعود پہلے ہی نیب کے گواہ بن چکے ہیں۔عدالت نے آصف زرداری اور دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی گیارہ فروری تک موخر کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو انور مجید کو ایئرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کی ہدایت کردی ۔ آن لائن کے مطابق عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔