کراچی ( سٹاف رپورٹر ، آئی این پی ، صباح نیوز) منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری ،فریال تالپور اور دیگر ملزمان کی عدالت پیشی، فاضل جج کی رخصت کے باعث عدالتی کارروائی نہ ہوسکی۔ سماعت بغیر کارروئی کے ملتوی کردی گئی۔ منگل کو منی لانڈرنگ کیس میں نامزد ملزمان سپیشل بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے ، جیل حکام کی جانب سے مقدمہ میں گرفتار حسین لوائی،عبدالغنی مجید کو پیش کیا گیا۔ جج کے رخصت کے باعث سماعت بغیر کسی کاروائی کے 13 نومبر تک ملتوی کردی گئی ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،سابق صدر آدھا گھنٹہ عدالت میں موجود رہے ۔ کمرہ عدالت میں پیپلز پارٹی کے ناصر حسین شاہ نے حسین لوائی اور دیگر سے ملاقات کی سماعت کے بعد ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قیادت پر الزامات ماضی میں بھی لگائے گئے اور اب بھی لگائے جارہے ہیں جن کے اکائونٹ سے دہشت گردوں کے رابطے نکلیں، ان کو بھی گرفتار کیا جائے ۔ علاوہ ازیں منی لانڈرنگ سکینڈل میں گرفتار اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران ایف آئی اے نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر نجف مرزا کو 20 نومبر کو طلب کرلیا۔درخواست میں انور مجید نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے سے ان کے خلاف زیر التوا انکوائری کی بھی تفصیلات مانگی جائیں۔