کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سلجھے ہوئے ڈاکوؤں کی ہے ۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ہونے والے فیصلے ملکی تاریخ کے اہم فیصلے ہیں اور اگر یہ کہا جائے کہ یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم دن تھا تو بجا نہ ہوگا۔ ایم کیو ایم اپنی روائتی منفی سیاست کے ذریعے اس شہر میں پانی کے نام پر فسادات پھیلانے کی سازش کررہی ہے ۔شرجیل انعام میمن پونے دو سال کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے ہیں حالانکہ آج تک ان پر کوئی کیس ثابت نہیں ہوا اور اگر اس کے بعد بھی یہ کہا جائے کہ اس کی ضمانت کسی ڈیل کا ساخشانہ ہے تو اس پر ایسی بات کرنے والوں پر افسوس ہی کیا جاسکتاہے ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس سال بھی ہم کچھ ملازمتیں خالی اسامیوں کے عوض پوری کرلیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 10 سال کے قرضوں کے حوالے سے جو کمیشن بنایا ہے وہ کمیشن پی ٹی آئی کی موجودہ نااہل، نالائق اور معاشی دہشتگرد حکومت کے 11 ماہ کے قرضوں کا بھی حساب لے ۔ گزشتہ 11 ماہ میں جو قرضے لئے گئے اور اس میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوئی اور سٹاک مارکیٹ بار بار کریش ہوئی ان کی بھی تحقیقات کی جانی چاہیے کیونکہ میں آج آپ کو بتا دیتا ہوں کہ آئندہ 1 سے 2 سال میں یہ بات کھل کر سامنے آجائے گی کہ ان تمام کے پیچھے موجودہ نااہل حکومت کے وہ سرمایہ کار ہوں گے جو پی ٹی آئی کو فنڈنگ کررہے ہیں اور جو عمران نیازی اور اس کی پارٹی پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔